یسعیا 65:2-8 UGV

2 دن بھر مَیں نے اپنے ہاتھ پھیلائے رکھے تاکہ ایک سرکش قوم کا استقبال کروں، حالانکہ یہ لوگ غلط راہ پر چلتے اور اپنے کج رَو خیالات کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔

3 یہ متواتر اور میرے رُوبرُو ہی مجھے ناراض کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ باغوں میں قربانیاں چڑھا کر اینٹوں کی قربان گاہوں پر بخور جلاتے ہیں۔

4 یہ قبرستان میں بیٹھ کر خفیہ غاروں میں رات گزارتے ہیں۔ یہ سؤر کا گوشت کھاتے ہیں، اُن کی دیگوں میں قابلِ گھن شوربہ ہوتا ہے۔

5 ساتھ ساتھ یہ ایک دوسرے سے کہتے ہیں، ’مجھ سے دُور رہو، قریب مت آنا! کیونکہ مَیں تیری نسبت کہیں زیادہ مُقدّس ہوں۔‘اِس قسم کے لوگ میری ناک میں دھوئیں کی مانند ہیں، ایک آگ جو دن بھر جلتی رہتی ہے۔

6 دیکھو، یہ بات میرے سامنے ہی قلم بند ہوئی ہے کہ مَیں خاموش نہیں رہوں گا بلکہ پورا پورا اجر دوں گا۔ مَیں اُن کی جھولی اُن کے اجر سے بھر دوں گا۔“

7 رب فرماتا ہے، ”اُنہیں نہ صرف اُن کے اپنے گناہوں کی سزا ملے گی بلکہ باپ دادا کے گناہوں کی بھی۔ چونکہ اُنہوں نے پہاڑوں پر بخور کی قربانیاں چڑھا کر میری تحقیر کی اِس لئے مَیں اُن کی جھولی اُن کی حرکتوں کے معاوضے سے بھر دوں گا۔“

8 رب فرماتا ہے، ”جب تک انگور میں تھوڑا سا رس باقی ہو لوگ کہتے ہیں، ’اُسے ضائع مت کرنا، کیونکہ اب تک اُس میں کچھ نہ کچھ ہے جو برکت کا باعث ہے۔‘ مَیں اسرائیل کے ساتھ بھی ایسا ہی کروں گا۔ کیونکہ اپنے خادموں کی خاطر مَیں سب کو نیست نہیں کروں گا۔