5 کیونکہ تیرا خالق تیرا شوہر ہے، رب الافواج اُس کا نام ہے، اور تیرا چھڑانے والا اسرائیل کا قدوس ہے، جو پوری دنیا کا خدا کہلاتا ہے۔“
6 تیرا خدا فرماتا ہے، ”تُو متروکہ اور دل سے مجروح بیوی کی مانند ہے، اُس عورت کی مانند جس کے شوہر نے اُسے رد کیا، گو اُس کی شادی اُس وقت ہوئی جب کنواری ہی تھی۔ لیکن اب مَیں، رب نے تجھے بُلایا ہے۔
7 ایک ہی لمحے کے لئے مَیں نے تجھے ترک کیا، لیکن اب بڑے رحم سے تجھے جمع کروں گا۔
8 مَیں نے اپنے غضب کا پورا زور تجھ پر نازل کر کے پل بھر کے لئے اپنا چہرہ تجھ سے چھپا لیا، لیکن اب ابدی شفقت سے تجھ پر رحم کروں گا۔“ رب تیرا چھڑانے والا یہ فرماتا ہے۔
9 ”بڑے سیلاب کے بعد مَیں نے نوح سے قَسم کھائی تھی کہ آئندہ سیلاب کبھی پوری زمین پر نہیں آئے گا۔ اِسی طرح اب مَیں قَسم کھا کر وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ نہ مَیں کبھی تجھ سے ناراض ہوں گا، نہ تجھے ملامت کروں گا۔
10 گو پہاڑ ہٹ جائیں اور پہاڑیاں جنبش کھائیں، لیکن میری شفقت تجھ پر سے کبھی نہیں ہٹے گی، میرا سلامتی کا عہد کبھی نہیں ہلے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے جو تجھ پر ترس کھاتا ہے۔
11 ”بے چاری بیٹی یروشلم! شدید طوفان تجھ پر سے گزر گئے ہیں، اور کوئی نہیں ہے جو تجھے تسلی دے۔ دیکھ، مَیں تیری دیواروں کے پتھر مضبوط چونے سے جوڑ دوں گا اور تیری بنیادوں کو سنگِ لاجورد سے رکھ دوں گا۔