1 راست رَو مِسکِین کج گو اور احمق سے بِہتر ہے۔
2 یہ بھی اچھّا نہیں کہ رُوح عِلم سے خالی رہے۔ جو چلنے میں جلد بازی کرتا ہے بھٹک جاتا ہے۔
3 آدمی کی حماقت اُسے گُمراہ کرتی ہے اور اُس کا دِل خُداوند سے بیزار ہوتا ہے۔
4 دَولت بُہت سے دوست پَیدا کرتی ہے پر مِسکِین اپنے ہی دوست سے بیگانہ ہے۔
5 جُھوٹا گواہ بے سزا نہ چُھوٹے گااورجُھوٹ بولنے والا رہائی نہ پائے گا۔
6 بُہتیرے لوگ فیّاض کی خُوشامد کرتے ہیں اور ہر ایک آدمی اِنعام دینے والے کا دوست ہے۔
7 جب مِسکِین کے سب بھائی ہی اُس سے نفرت کرتے ہیں تو اُس کے دوست کِتنے زِیادہ اُس سے دُور بھاگیں گے!وہ باتوں سے اُن کاپِیچھا کرتا ہے پر اُن کو نہیں پاتا۔
8 جوحِکمت حاصِل کرتا ہے اپنی جان کو عزِیز رکھتا ہے۔جو فہم کی مُحافظت کرتا ہے فائدہ اُٹھائے گا۔
9 جُھوٹا گواہ بے سزا نہ چُھوٹے گااور جوجُھوٹ بولتا ہے فنا ہو گا۔
10 جب احمق کے لِئے ناز ونِعمت زیبا نہیں تو خادِم کا شہزادوں پرحُکمران ہونا اَور بھی نامناسِب ہے۔
11 آدمی کی تمِیز اُس کو قہر کرنے میں دِھیما بناتی ہے۔ اور خطا سے درگُذر کرنے میں اُس کی شان ہے۔
12 بادشاہ کا غضب شیر کی گرج کی مانِند ہے اور اُس کی نظرِعنایت گھاس پر شبنم کی مانِند۔
13 احمق بیٹا اپنے باپ کے لِئے بلا ہے اوربِیوی کا جھگڑا رگڑا سدا کا ٹپکا۔
14 گھر اور مال تو باپ دادا سے مِیراث میں مِلتے ہیں لیکن دانِش مند بِیوی خُداوند سے مِلتی ہے۔
15 کاہِلی نِیند میں غرق کر دیتی ہے اور کاہِل آدمی بُھوکا رہے گا۔
16 جو فرمان بجا لاتا ہے اپنی جان کی مُحافظت کرتا ہے پر جو اپنی راہوں سے غافِل ہے مَرے گا۔
17 جومِسکِینوں پر رحم کرتا ہے خُداوند کو قرض دیتا ہے اور وہ اپنی نیکی کا بدلہ پائے گا۔
18 جب تک اُمّید ہے اپنے بیٹے کی تادِیب کِئے جا اور اُس کی بربادی پر دِل نہ لگا۔
19 شدِیدُالغضب آدمی سزا پائے گاکیونکہ اگر تُو اُسے رہائی دے توتُجھے بار بار اَیسا ہی کرنا ہو گا۔
20 مشوَرت کوسُن اور تربِیّت پذِیر ہو تاکہ تُو آخِر کار دانا ہو جائے۔
21 آدمی کے دِل میں بُہت سے منصُوبے ہیں لیکن صِرف خُداوند کا اِرادہ ہی قائِم رہے گا۔
22 آدمی کی مقبُولِیت اُس کے اِحسان سے ہے اور کنگال جُھوٹے آدمی سے بِہتر ہے ۔
23 خُداوند کاخَوف زِندگی بخش ہے۔اور خُدا ترس سیر ہو گااور بدی سے محفُوظ رہے گا۔
24 سُست آدمی اپنا ہاتھ تھالی میں ڈالتا ہے اور اِتنا بھی نہیں کرتا کہ پِھر اُسے اپنے مُنہ تک لائے۔
25 ٹھٹھّاکرنے والے کو مار ۔ اِس سے سادہ دِل ہوشیار ہو جائے گااور صاحِبِ فہم کوتنبِیہ کر ۔ وہ عِلم حاصِل کرے گا ۔
26 جو اپنے باپ سے بد سلُوکی کرتا اور ماں کو نِکال دیتا ہے خجالت کا باعِث اوررسُوائی لانے والا بیٹا ہے۔
27 اَے میرے بیٹے! اگرتُو عِلم سے برگشتہ ہوتا ہے تو تعلِیم سُننے سے کیا فائدہ؟
28 خبِیث گواہ عدل پر ہنستا ہے اور شرِیر کا مُنہ بدی نِگلتا رہتا ہے۔
29 ٹھٹھّا کرنے والوں کے لِئے سزائیں ٹھہرائی جاتی ہیں اور احمقوں کی پِیٹھ کے لِئے کوڑے ہیں۔