امثال 28 URD

1 اگرچہ کوئی شرِیر کا پِیچھا نہ کرے تَو بھی وہ بھاگتا ہے لیکن صادِق شیرِبَبر کی مانِند دلیر ہے۔

2 مُلک کی خطاکاری کے سبب سے حاکِم بُہت سے ہیں لیکن صاحب عِلم و فہم سے اِنتظام بحال رہے گا۔

3 مِسکِین پرظُلم کرنے والا کنگال مُوسلا دھار مینہ ہے جو ایک دانہ بھی نہیں چھوڑتا۔

4 شرِیعت کو ترک کرنے والے شرِیروں کی تعرِیف کرتے ہیں لیکن شرِیعت پر عمل کرنے والے اُن کا مُقابلہ کرتے ہیں۔

5 شرِیر عدل سے آگاہ نہیں لیکن خُداوند کے طالِب سب کُچھ سمجھتے ہیں ۔

6 راست رَو مِسکِین کج رَو دَولت مند سے بِہتر ہے ۔

7 تعلِیم پر عمل کرنے والا دانا بیٹاہے لیکن مُسرِفوں کا ہمنشِین اپنے باپ کو رُسوا کرتا ہے۔

8 جو ناجائِزسُود اور نفع سے اپنی دَولت بڑھاتا ہے وہ مِسکِینوں پر رحم کرنے والے کے لِئے جمع کرتا ہے۔

9 جو کان پھیر لیتا ہے کہ شرِیعت کو نہ سُنے اُس کی دُعا بھی نفرت انگیز ہے۔

10 جو کوئی صادِق کو گُمراہ کرتا ہے تاکہ وہ بُری راہ پر چلے وہ اپنے گڑھے میں آپ ہی گِرے گا لیکن کامِل لوگ اچھّی چِیزوں کے وارِث ہوں گے۔

11 مال دار اپنی نظر میں دانا ہے لیکن عقل مند مِسکِین اُسے پرکھ لیتا ہے۔

12 جب صادِق فتح یاب ہوتے ہیں تو بڑی دُھوم دھام ہوتی ہے لیکن جب شرِیر برپا ہوتے ہیں تو آدمی ڈھُونڈ ے نہیں مِلتے۔

13 جو اپنے گُناہوں کو چِھپاتا ہے کامیاب نہ ہو گا لیکن جو اُن کا اِقرار کر کے اُن کو ترک کرتا ہے اُس پر رحمت ہو گی۔

14 مُبارک ہے وہ آدمی جو سدا ڈرتا رہتا ہے لیکن جو اپنے دِل کو سخت کرتا ہے مُصِیبت میں پڑے گا۔

15 مِسکِینوں پر شرِیر حاکِم گرجتے ہُوئے شیر اور شِکار کے طالِب رِیچھ کی مانِند ہے۔

16 بے عقل حاکِم بھی بڑا ظالِم ہے لیکن جو لالچ سے نفرت رکھتا ہے اُس کی عُمر دراز ہو گی۔

17 جِس کے سر پرکِسی کا خُون ہے وہ گڑھے کی طرف بھاگے گا ۔ اُسے کوئی نہ روکے۔

18 جو راست رَو ہے رہائی پائے گا لیکن کج رَو ناگہان گِر پڑے گا۔

19 جو اپنی زمِین میں کاشت کاری کرتا ہے روٹی سے سیر ہو گا لیکن بطالت کا پَیروبُہت کنگال ہو جائے گا۔

20 دِیانت دار آدمی برکتوں سے معمُور ہوگا لیکن جو دَولت مند ہونے کے لِئے جلدی کرتا ہے بے سزا نہ چُھوٹے گا ۔

21 طرف داری کرنا خُوب نہیں اور نہ یہ کہ آدمی روٹی کے ٹُکڑے کے لِئے گُناہ کرے۔

22 تنگ چشم دَولت جمع کرنے میں جلدی کرتا ہے اور یہ نہیں جانتا کہ اِفلاس اُسے آ دبائے گا۔

23 آدمی کو سرزنِش کرنے والا آخِر کار زُبانی خُوشامد کرنے والے سے زِیادہ مقبُول ٹھہرے گا۔

24 جو کوئی اپنے والِدَین کو لُوٹتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ گُناہ نہیں وہ غارت گر کا ساتھی ہے۔

25 جِس کے دِل میں لالچ ہے وہ جھگڑا برپا کرتا ہے لیکن جِس کا توکُّل خُداوند پر ہے وہ فربہ کِیا جائے گا۔

26 جو اپنے ہی دِل پر بھروسا رکھتا ہے بیوُقُوف ہے لیکن جو دانائی سے چلتا ہے رہائی پائے گا۔

27 جومِسکِینوں کو دیتا ہے مُحتاج نہ ہو گالیکن جو آنکھ چُراتا ہے بُہت ملعُون ہو گا۔

28 جب شرِیر برپا ہوتے ہیں تو آدمی ڈھُونڈے نہیں مِلتے لیکن جب وہ فنا ہوتے ہیں تو صادِق ترقّی کرتے ہیں ۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31