1 سلامتی کے ساتھ خُشک نوالہ اِس سے بِہتر ہے کہ گھرنِعمت سے پُر ہو اور اُس کے ساتھ جھگڑا ہو۔
2 عقل مندنَوکر اُس بیٹے پر جو رسُوا کرتا ہے حُکمران ہوگا اور بھائیِوں میں شامِل ہو کر مِیراث کا حِصّہ لے گا۔
3 چاندی کے لِئے کُٹھالی ہے اور سونے کے لِئے بھٹّی پر دِلوں کو خُداوند پرکھتا ہے۔
4 بدکردار جُھوٹے لبوں کی سُنتا ہے اور دروغ گو مُفسِد زُبان کا شنوا ہوتا ہے۔
5 مِسکِین پر ہنسنے والا اُس کے خالِق کی اِہانت کرتا ہے اور جو اَوروں کی مُصِیبت سے خُوش ہوتا ہے بے سزا نہ چُھوٹے گا۔
6 بیٹوں کے بیٹے بُوڑھوں کے لِئے تاج ہیں اور بیٹوں کے فخر کا باعِث اُن کے باپ دادا ہیں۔