1 جو بار بار تنبِیہ پا کر بھی گردن کشی کرتا ہے ناگہان بربادکِیا جائے گا اور اُس کا کوئی چارہ نہ ہو گا۔
2 جب صادِق اِقبال مند ہوتے ہیں تو لوگ خُوش ہوتے ہیں لیکن جب شرِیر اِقتدار پاتے ہیں تو لوگ آہیں بھرتے ہیں۔
3 جو کوئی حِکمت سے اُلفت رکھتا ہے اپنے باپ کو خُوش کرتا ہےلیکن جو کسبیوں سے صُحبت رکھتا ہے اپنا مال اُڑاتا ہے۔
4 بادشاہ عدل سے اپنی مملکت کو قِیام بخشتا ہے لیکن رِشوت سِتان اُس کو وِیران کرتا ہے۔
5 جو اپنے ہمسایہ کی خُوشامد کرتا ہے اُس کے پاؤں کے لِئے جال بِچھاتا ہے۔
6 بدکردار کے گُناہ میں پھندا ہے لیکن صادِق گاتا اور خُوشی کرتا ہے
7 صادِق مِسکیِنوں کے مُعاملہ کا خیال رکھتا ہے لیکن شرِیر میں اُس کو جاننے کی لِیاقت نہیں۔