حزقی ایل 5:9-15 UGV

9 تیری گھنونی بُت پرستی کے سبب سے مَیں تیرے ساتھ ایسا سلوک کروں گا جیسا مَیں نے پہلے کبھی نہیں کیا ہے اور آئندہ بھی کبھی نہیں کروں گا۔

10 تب تیرے درمیان باپ اپنے بیٹوں کو اور بیٹے اپنے باپ کو کھائیں گے۔ مَیں تیری عدالت یوں کروں گا کہ جتنے بچیں گے وہ سب ہَوا میں اُڑ کر چاروں طرف منتشر ہو جائیں گے۔“

11 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”میری حیات کی قَسم، تُو نے اپنے گھنونے بُتوں اور رسم و رواج سے میرے مقدِس کی بےحرمتی کی ہے، اِس لئے مَیں تجھے منڈوا کر تباہ کر دوں گا۔ نہ مَیں تجھ پر ترس کھاؤں گا، نہ رحم کروں گا۔

12 تیرے باشندوں کی ایک تہائی مہلک بیماریوں اور کال سے شہر میں ہلاک ہو جائے گی۔ دوسری تہائی تلوار کی زد میں آ کر شہر کے ارد گرد مر جائے گی۔ تیسری تہائی کو مَیں ہَوا میں اُڑا کر منتشر کر دوں گا اور پھر تلوار کو میان سے کھینچ کر اُن کا پیچھا کروں گا۔

13 یوں میرا قہر ٹھنڈا ہو جائے گا اور مَیں انتقام لے کر اپنا غصہ اُتاروں گا۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں، رب غیرت میں اُن سے ہم کلام ہوا ہوں۔

14 مَیں تجھے ملبے کا ڈھیر اور ارد گرد کی اقوام کی لعن طعن کا نشانہ بنا دوں گا۔ ہر گزرنے والا تیری حالت دیکھ کر ’توبہ توبہ‘ کہے گا۔

15 جب میرا غضب تجھ پر ٹوٹ پڑے گا اور مَیں تیری سخت عدالت اور سرزنش کروں گا تو اُس وقت تُو پڑوس کی اقوام کے لئے مذاق اور لعنت ملامت کا نشانہ بن جائے گا۔ تیری حالت کو دیکھ کر اُن کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے اور وہ محتاط رہنے کا سبق سیکھیں گے۔ یہ میرا، رب کا فرمان ہے۔