یسعیا 54:10-16 UGV

10 گو پہاڑ ہٹ جائیں اور پہاڑیاں جنبش کھائیں، لیکن میری شفقت تجھ پر سے کبھی نہیں ہٹے گی، میرا سلامتی کا عہد کبھی نہیں ہلے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے جو تجھ پر ترس کھاتا ہے۔

11 ”بے چاری بیٹی یروشلم! شدید طوفان تجھ پر سے گزر گئے ہیں، اور کوئی نہیں ہے جو تجھے تسلی دے۔ دیکھ، مَیں تیری دیواروں کے پتھر مضبوط چونے سے جوڑ دوں گا اور تیری بنیادوں کو سنگِ لاجورد سے رکھ دوں گا۔

12 مَیں تیری دیواروں کو یاقوت، تیرے دروازوں کو آبِ بحر اور تیری تمام فصیل کو قیمتی جواہر سے تعمیر کروں گا۔

13 تیرے تمام فرزند رب سے تعلیم پائیں گے، اور تیری اولاد کی سلامتی عظیم ہو گی۔

14 تجھے انصاف کی مضبوط بنیاد پر رکھا جائے گا، چنانچہ دوسروں کے ظلم سے دُور رہ، کیونکہ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ دہشت زدہ نہ ہو، کیونکہ دہشت کھانے کا سبب تیرے قریب نہیں آئے گا۔

15 اگر کوئی تجھ پر حملہ کرے بھی تو یہ میری طرف سے نہیں ہو گا، اِس لئے ہر حملہ آور شکست کھائے گا۔

16 دیکھ، مَیں ہی اُس لوہار کا خالق ہوں جو ہَوا دے کر کوئلوں کو دہکا دیتا ہے تاکہ کام کے لئے موزوں ہتھیار بنا لے۔ اور مَیں ہی نے تباہ کرنے والے کو خلق کیا تاکہ وہ بربادی کا کام انجام دے۔