یسعیا 65:10-16 UGV

10 وادیٔ شارون میں بھیڑبکریاں چریں گی، وادیٔ عکور میں گائےبَیل آرام کریں گے۔ یہ سب کچھ میری اُس قوم کو دست یاب ہو گا جو میری طالب رہے گی۔

11 لیکن تم جو رب کو ترک کر کے میرے مُقدّس پہاڑ کو بھول گئے ہو، خبردار! گو اِس وقت تم خوش قسمتی کے دیوتا جد کے لئے میز بچھاتے اور تقدیر کے دیوتا منات کے لئے مَے کا برتن بھر دیتے ہو،

12 لیکن تمہاری تقدیر اَور ہے۔ مَیں نے تمہارے لئے تلوار کی تقدیر مقرر کی ہے۔ تم سب کو قصائی کے سامنے جھکنا پڑے گا، کیونکہ جب مَیں نے تمہیں بُلایا تو تم نے جواب نہ دیا۔ جب مَیں تم سے ہم کلام ہوا تو تم نے نہ سنا بلکہ وہ کچھ کیا جو مجھے بُرا لگا۔ تم نے وہ کچھ اختیار کیا جو مجھے ناپسند ہے۔“

13 اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”میرے خادم کھانا کھائیں گے، لیکن تم بھوکے رہو گے۔ میرے خادم پانی پئیں گے، لیکن تم پیاسے رہو گے۔ میرے خادم مسرور ہوں گے، لیکن تم شرم سار ہو گے۔

14 میرے خادم خوشی کے مارے شادیانہ بجائیں گے، لیکن تم رنجیدہ ہو کر رو پڑو گے، تم مایوس ہو کر واویلا کرو گے۔

15 آخرکار تمہارا نام ہی میرے برگزیدوں کے پاس باقی رہے گا، اور وہ بھی صرف لعنت کے طور پر استعمال ہو گا۔ قَسم کھاتے وقت وہ کہیں گے، ’رب قادرِ مطلق تمہیں اِسی طرح قتل کرے۔‘ لیکن میرے خادموں کا ایک اَور نام رکھا جائے گا۔

16 ملک میں جو بھی اپنے لئے برکت مانگے یا قَسم کھائے وہ وفادار خدا کا نام لے گا۔ کیونکہ گزری مصیبتوں کی یادیں مٹ جائیں گی، وہ میری آنکھوں سے چھپ جائیں گی۔