یسعیا 21:3-9 UGV

3 اِس لئے میری کمر شدت سے لرزنے لگی ہے۔ دردِ زہ میں مبتلا عورت کی سی گھبراہٹ میری انتڑیوں کو مروڑ رہی ہے۔ جو کچھ مَیں نے سنا ہے اُس سے مَیں تڑپ اُٹھا ہوں، اور جو کچھ مَیں نے دیکھا ہے، اُس سے مَیں حواس باختہ ہو گیا ہوں۔

4 میرا دل دھڑک رہا ہے، کپکپی مجھ پر طاری ہو گئی ہے۔ پہلے شام کا دُھندلکا مجھے پیارا لگتا تھا، لیکن اب رویا کو دیکھ کر وہ میرے لئے دہشت کا باعث بن گیا ہے۔

5 تاہم بابل میں لوگ میز لگا کر قالین بچھا رہے ہیں۔ بےپروائی سے وہ کھانا کھا رہے اور مَے پی رہے ہیں۔ اے افسرو، اُٹھو! اپنی ڈھالوں پر تیل لگا کر لڑنے کے لئے تیار ہو جاؤ!

6 رب نے مجھے حکم دیا، ”جا کر پہرے دار کھڑا کر دے جو تجھے ہر نظر آنے والی چیز کی اطلاع دے۔

7 جوں ہی دو گھوڑوں والے رتھ یا گدھوں اور اونٹوں پر سوار آدمی دکھائی دیں تو خبردار! پہرے دار پوری توجہ دے۔“

8 تب پہرے دار شیرببر کی طرح پکار اُٹھا، ”میرے آقا، روز بہ روز مَیں پوری وفاداری سے اپنی بُرجی پر کھڑا رہا ہوں، اور راتوں مَیں تیار رہ کر یہاں پہرا داری کرتا آیا ہوں۔

9 اب وہ دیکھو! دو گھوڑوں والا رتھ آ رہا ہے جس پر آدمی سوار ہے۔ اب وہ جواب میں کہہ رہا ہے، ’بابل گر گیا، وہ گر گیا ہے! اُس کے تمام بُت چِکنا چُور ہو کر زمین پر بکھر گئے ہیں‘۔“