یسعیا 34:7-13 UGV

7 اُس وقت جنگلی بَیل اُن کے ساتھ گر جائیں گے، اور بچھڑے طاقت ور سانڈوں سمیت ختم ہو جائیں گے۔ اُن کی زمین خون سے مست اور خاک چربی سے شرابور ہو گی۔

8 کیونکہ وہ دن آ گیا ہے جب رب بدلہ لے گا، وہ سال جب وہ ادوم سے اسرائیل کا انتقام لے گا۔

9 ادوم کی ندیوں میں تارکول ہی بہے گا، اور گندھک زمین کو ڈھانپے گی۔ ملک بھڑکتی ہوئی رال سے بھر جائے گا،

10 جس کی آگ نہ دن اور نہ رات بجھے گی بلکہ ہمیشہ تک دھواں چھوڑتی رہے گی۔ ملک نسل در نسل ویران و سنسان رہے گا، یہاں تک کہ مسافر بھی ہمیشہ تک اُس میں سے گزرنے سے گریز کریں گے۔

11 دشتی اُلّو اور خارپُشت اُس پر قبضہ کریں گے، چنگھاڑنے والے اُلّو اور کوّے اُس میں بسیرا کریں گے۔ کیونکہ رب فیتے اور ساہول سے ادوم کا پورا ملک ناپ ناپ کر اُجاڑ اور ویرانی کے حوالے کرے گا۔

12 اُس کے شرفا کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔ کچھ نہیں رہے گا جو بادشاہی کہلائے، ملک کے تمام رئیس جاتے رہیں گے۔

13 کانٹےدار پودے اُس کے محلوں پر چھا جائیں گے، خود رَو پودے اور اونٹ کٹارے اُس کے قلعہ بند شہروں میں پھیل جائیں گے۔ ملک گیدڑ اور عقابی اُلّو کا گھر بنے گا۔