یسعیا 9:1-6 UGV

1 لیکن مصیبت زدہ تاریکی میں نہیں رہیں گے۔ گو پہلے زبولون کا علاقہ اور نفتالی کا علاقہ پست ہوا ہے، لیکن آئندہ جھیل کے ساتھ کا راستہ، دریائے یردن کے پار، غیریہودیوں کا گلیل سرفراز ہو گا۔

2 اندھیرے میں چلنے والی قوم نے ایک تیز روشنی دیکھی، موت کے سائے میں ڈوبے ہوئے ملک کے باشندوں پر روشنی چمکی۔

3 تُو نے قوم کو بڑھا کر اُسے بڑی خوشی دلائی ہے۔ تیرے حضور وہ یوں خوشی مناتے ہیں جس طرح فصل کاٹتے اور لُوٹ کا مال بانٹتے وقت منائی جاتی ہے۔

4 تُو نے اپنی قوم کو اُس دن کی طرح چھٹکارا دیا جب تُو نے مِدیان کو شکست دی تھی۔ اُسے دبانے والا جوا ٹوٹ گیا، اور اُس پر ظلم کرنے والے کی لاٹھی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی ہے۔

5 زمین پر زور سے مارے گئے فوجی جوتے اور خون میں لت پت فوجی وردیاں سب حوالۂ آتش ہو کر بھسم ہو جائیں گی۔

6 کیونکہ ہمارے ہاں بچہ پیدا ہوا، ہمیں بیٹا بخشا گیا ہے۔ اُس کے کندھوں پر حکومت کا اختیار ٹھہرا رہے گا۔ وہ انوکھا مشیر، قوی خدا، ابدی باپ اور صلح سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔