ایُّوب 33 URD

1 تَو بھی اَے ایُّوب ذرا میری تقرِیر سُن لےاور میری سب باتوں پر کان لگا۔

2 دیکھ مَیں نے اپنا مُنہ کھولا ہے۔میری زُبان نے میرے مُنہ میں سُخن آرائی کی ہے۔

3 میری باتیں میرے دِل کی راستبازی کو ظاہِر کریں گیاور میرے لب جو کُچھ جانتے ہیں اُسی کو سچّائی سےکہیں گے۔

4 خُدا کی رُوح نے مُجھے بنایا ہےاور قادرِ مُطلق کا دَم مُجھے زِندگی بخشتا ہے۔

5 اگر تُو مُجھے جواب دے سکتا ہے تو دےاور اپنی باتوں کو میرے سامنے ترتِیب دے کر کھڑا ہوجا۔

6 دیکھ! خُدا کے حضُور مَیں تیرے برابر ہُوں۔مَیں بھی مِٹّی سے بنا ہُوں۔

7 دیکھ! میرا رُعب تُجھے ہِراسان نہ کرے گا۔میرا دباؤ تُجھ پر بھاری نہ ہو گا۔

8 یقِیناً تُو نے میرے سُنتے کہا ہےاور مَیں نے تیری باتیں سُنی ہیں

9 کہ مَیں صاف اور بے تقصِیر ہُوں۔مَیں بے گُناہ ہُوں اور مُجھ میں بدی نہیں۔

10 وہ میرے خِلاف مَوقع ڈُھونڈتا ہے۔وہ مُجھے اپنا دُشمن سمجھتا ہے۔

11 وہ میرے دونوں پاؤں کو کاٹھ میں ٹھونک دیتا ہے۔وہ میری سب راہوں کی نِگرانی کرتا ہے۔

12 دیکھ مَیں تُجھے جواب دیتا ہُوں ۔ اِس بات میںتُوحق پر نہیںکیونکہ خُدا اِنسان سے بڑا ہے۔

13 تُو کیوں اُس سے جھگڑتاہے؟کیونکہ وہ اپنی باتوں میں سے کِسی کا حِساب نہیں دیتا۔

14 کیونکہ خُدا ایک بار بولتا ہےبلکہ دو بار ۔ خواہ اِنسان اِس کا خیال نہ کرے۔

15 خواب میں ۔ رات کی رویا میںجب لوگوں کو گہری نِیند آتی ہےاور بِستر پر سوتے وقت۔

16 تب وہ لوگوں کے کان کھولتا ہےاور اُن کی تعلِیم پر مُہر لگاتا ہے

17 تاکہ اِنسان کو اُس کے مقصُود سے روکےاور غرُور کو اِنسان سے دُور کرے۔

18 وہ اُس کی جان کو گڑھے سے بچاتا ہےاور اُس کی زِندگی تلوار کی مار سے۔

19 وہ اپنے بِستر پر درد سے تنبِیہ پاتا ہےاور اُس کی ہڈِّیوں میں دائِمی جنگ ہے۔

20 یہاں تک کہ اُس کا جی روٹی سےاور اُس کی جان لذِیذ کھانے سے نفرت کرنے لگتی ہے ۔

21 اُس کا گوشت اَیسا سُوکھ جاتا ہے کہ دِکھائی نہیں دیتااور اُس کی ہڈِّیاں جو دِکھائی نہیں دیتی تِھیں نِکل آتی ہیں ۔

22 بلکہ اُس کی جان گڑھے کے قرِیب پُہنچتی ہےاور اُس کی زِندگی ہلاک کرنے والوں کے نزدِیک۔

23 وہاں اگر اُس کے ساتھ کوئی فرِشتہ ہویا ہزار میں ایک تعبِیر کرنے والاجو اِنسان کو بتائے کہ اُس کے لِئے کیا ٹِھیک ہے

24 تو وہ اُس پررحم کرتا اور کہتا ہےکہ اُسے گڑھے میں جانے سے بچا لے۔مُجھے فِدیہ مِل گیا ہے۔

25 تب اُس کا جِسم بچّے کے جِسم سے بھی تازہ ہو گااور اُس کی جوانی کے دِن لَوٹ آتے ہیں۔

26 وہ خُدا سے دُعا کرتا ہے اور وہ اُس پر مِہربان ہوتاہے۔اَیسا کہ وہ خُوشی سے اُس کا مُنہ دیکھتا ہےاور وہ اِنسان کی صداقت کو بحال کر دیتا ہے۔

27 وہ لوگوں کے سامنے گانے اور کہنے لگتا ہےکہ مَیں نے گُناہ کِیا اور حق کو اُلٹ دِیااور اِس سے مُجھے فائِدہ نہ ہُؤا۔

28 اُس نے میری جان کو گڑھے میں جانے سے بچایااور میری زِندگی روشنی کو دیکھے گی۔

29 دیکھو! خُدا آدمی کے ساتھ یہ سب کامدو بار بلکہ تِین بار کرتا ہے

30 تاکہ اُس کی جان کو گڑھے سے لَوٹا لائےاور وہ زِندوں کے نُور سے مُنوّر ہو۔

31 اَے ایُّوب! توجُّہ سے میری سُن۔خاموش رہ اور مَیں بولُوں گا۔

32 اگر تُجھے کُچھ کہنا ہے تو مُجھے جواب دے۔بول کیونکہ مَیں تُجھے راست ٹھہرانا چاہتا ہُوں۔

33 اگر نہیں تو تُو میری سُن۔خاموش رہ اور مَیں تُجھے دانائی سِکھاؤُں گا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40 41 42