ایُّوب 5 URD

1 ذرا پُکار ۔ کیا کوئی ہے جو تُجھے جواب دے گا؟اور مُقدّسوں میں سے تُو کِس کی طرف پِھرے گا؟

2 کیونکہ کُڑھنا بیوُقُوف کو مار ڈالتا ہےاور جلن احمق کی جان لے لیتی ہے۔

3 مَیں نے بیوُقُوف کو جڑ پکڑتے دیکھا ہےپر ناگہان اُس کے مسکن پر لَعنت کی۔

4 اُس کے بال بچّے سلامتی سے دُور ہیں ۔وہ پھاٹک ہی پر کُچلے جاتے ہیںاور کوئی نہیں جو اُنہیں چُھڑائے۔

5 بُھوکا اُس کی فصل کو کھاتا ہےبلکہ اُسے کانٹوں میں سے بھی نِکال لیتا ہےاور پِیاسا اُس کے مال کو نِگل جاتا ہے۔

6 کیونکہ مُصِیبت مِٹّی میں سے نہیں اُگتی ۔نہ دُکھ زمِین میں سے نِکلتا ہے۔

7 پر جَیسے چِنگارِیاں اُوپر ہی کو اُڑتی ہیںوَیسے ہی اِنسان دُکھ کے لِئے پَیدا ہُؤا ہے۔

8 لیکن مَیں تو خُدا کا ہی طالِب رہُوں گااور اپنا مُعاملہ خُدا ہی پر چھوڑُوںگا۔

9 جو اَیسے بڑے بڑے کام جو دریافت نہیں ہو سکتےاور بے شُمار عجِیب کام کرتا ہے۔

10 وُہی زمِین پر مِینہ برساتااور کھیتوں میں پانی بھیجتا ہے۔

11 اِسی طرح وہ فروتنوں کو اُونچی جگہ پر بِٹھاتا ہےاور ماتم کرنے والے سلامتی کی سرفرازِی پاتے ہیں۔

12 وہ عیّاروں کی تدبِیروں کو باطِل کر دیتا ہے ۔یہاں تک کہ اُن کے ہاتھ اُن کے مقصُود کو پُورا نہیں کرسکتے

13 وہ ہوشیاروں کو اُن ہی کی چالاکِیوں میں پھنساتا ہےاور ٹیڑھے لوگوں کی مشورت جلد جاتی رہتی ہے۔

14 اُنہیں دِن دِہاڑے اندھیرے سے پالا پڑتا ہےاور وہ دوپہر کے وقت اَیسے ٹٹولتے پِھرتے ہیں جَیسے رات کو۔

15 لیکن مُفلِس کو اُن کے مُنہ کی تلواراور زبردست کے ہاتھ سے وہ بچا لیتا ہے۔

16 سو مسکِین کو اُمّید رہتی ہےاور بدکاری اپنا مُنہ بند کر لیتی ہے۔

17 دیکھ! وہ آدمی جِسے خُدا تنبِیہ کرتا ہےخُوش قِسمت ہے ۔اِس لِئے قادِرِ مُطلق کی تادِیب کو حقِیر نہ جان۔

18 کیونکہ وُہی مجرُوح کرتا اور پٹّی باندھتا ہے ۔وُہی زخمی کرتا ہے اور اُسی کے ہاتھ چنگا کرتے ہیں۔

19 وہ تُجھے چھ مُصِیبتوں سے چُھڑائے گابلکہ سات میں بھی کوئی آفت تُجھے چُھونے نہ پائے گی ۔

20 کال میں وہ تُجھ کو مَوت سے بچائے گااور لڑائی میں تلوار کی دھار سے۔

21 تُو زُبان کے کوڑے سے محفُوظ رکھّاجائے گااور جب ہلاکت آئے گی تو تُجھے ڈر نہیں لگے گا۔

22 تُو ہلاکت اور خُشک سالی پرہنسے گااور زمِین کے درِندوں سے تُجھے کُچھ خَوف نہ ہو گا۔

23 مَیدان کے پتّھروں کے ساتھ تیرا ایکا ہوگااور جنگلی درِندے تُجھ سے میل رکھّیں گے

24 اور تُو جانے گا کہ تیرا ڈیرا محفُوظ ہےاور تُو اپنے مسکن میں جائے گا اور کوئی چِیز غائِب نہ پائے گا۔

25 تُجھے یہ بھی معلُوم ہو گا کہ تیری نسل بڑیاور تیری اَولاد زمِین کی گھاس کی مانِند برومند ہوگی۔

26 تُو پُوری عُمر میں اپنی قبر میں جا ئے گاجَیسے اناج کے پُولے اپنے وقت پر جمع کِئے جاتے ہیں ۔

27 دیکھ! ہم نے اِس کی تحقِیق کی اور یہ بات یُوں ہی ہے۔اِسے سُن لے اور اپنے فائِدہ کے لِئے اِسے یاد رکھ۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40 41 42