11 تُم بُھوسے سے باردار ہو گے پُھوس تُم سے پَیدا ہوگا ۔ تُمہارا دَم آگ کی طرح تُم کو بھسم کرے گا۔
12 اور لوگ جلے چُونے کی مانِند ہوں گے ۔ وہ اُن کانٹوں کی مانِند ہوں گے جو کاٹ کر آگ میں جلائے جائیں۔
13 تُم جو دُور ہو سُنو کہ مَیں نے کیا کِیا اور تُم جو نزدِیک ہو میری قُدرت کا اِقرار کرو۔
14 وہ گُنہگار جو صِیُّون میں ہیں ڈر گئے ۔ کپکپی نے بے دِینوں کو آ دبایا ہے ۔ کَون ہم میں سے اُس مُہلِک آگ میں رہ سکتا ہے ؟ اور کَون ہم میں سے ابدی شُعلوں کے درمِیان بس سکتا ہے؟۔
15 وہ جو راست رفتار اور درُست گُفتار ہے ۔ جو ظُلم کے نفع کو حقِیر جانتا ہے ۔ جو رِشوت سے دست بردار ہے ۔ جو اپنے کان بند کرتا ہے تاکہ خُون ریزی کے مضمُون نہ سُنے اور آنکھیں مُوندتا ہے تاکہ زِیان کاری نہ دیکھے۔
16 وہ بُلندی پر رہے گا ۔ اُس کی پناہ گاہ پہاڑ کا قلعہ ہو گا ۔ اُس کو روٹی دی جائے گی ۔ اُس کا پانی مُقرّر ہوگا۔
17 تیری آنکھیں بادشاہ کا جمال دیکھیں گی ۔ وہ بُہت دُورتک وسِیع مُلک پر نظر کریں گی۔