1 اُس وقت خُداوند اپنی سخت اور بڑی اور مضبُوط تلوارسے اژدہا یعنی تیزرَو سانپ کو اور اژدہا یعنی پیچِیدہ سانپ کو سزا دے گا اور دریائی اژدہا کو قتل کرے گا۔
2 اُس وقت تُم خُوش نُما تاکِستان کا گِیت گانا۔
3 مَیں خُداوند اُس کی حِفاظت کرتا ہُوں ۔ مَیں اُسے ہردم سِینچتا رہُوں گا ۔ مَیں دِن رات اُس کی نِگہبانی کرُوں گاکہ اُسے نُقصان نہ پُہنچے۔
4 مُجھ میں قہر نہیں۔ تَو بھی کاش کہ جنگ گاہ میں جھاڑِیاں اور کانٹے میرے خِلاف ہوتے! مَیں اُن پر خُرُوج کرتااور اُن کو بِالکُل جلا دیتا۔
5 پر اگر کوئی میری توانائی کا دامن پکڑے تو مُجھ سے صُلح کرے۔ہاں وہ مُجھ سے صُلح کرے۔
6 اب آیندہ ایّام میں یعقُو ب جڑ پکڑے گا اور اِسرائیل پنپے گا اور پُھولے گا اور رُویِ زمِین کو میووں سے مالامال کرے گا۔
7 کیا اُس نے اُسے مارا جِس طرح اُس نے اُس کے مارنے والوں کو مارا ہے؟ یا کیا وہ قتل ہُؤا جِس طرح اُس کے قاتِل قتل ہُوئے؟۔
8 تُو نے عدل کے ساتھ اُس کو نِکالتے وقت اُس سے حُجّت کی ۔ اُس نے مشرِقی ہوا کے دِن اپنے سخت طُوفان سے اُس کونِکال دِیا۔
9 اِس لِئے اِس سے یعقُو ب کے گُناہ کا کفّارہ ہو گا اوراُس کا گُناہ دُور کرنے کا کُل نتِیجہ یِہی ہے ۔ جِس وقت وہ مذبح کے سب پتّھروں کو ٹُوٹے کنکروں کی مانِند ٹُکڑے ٹُکڑے کرے کہ یسِیرتیں اور سُورج کے بُت پِھر قائِم نہ ہوں۔
10 کیونکہ فصِیل دارشہر وِیران ہے اور وہ بستی اُجاڑاور بیابان کی مانِند خالی ہے ۔ وہاں بچھڑا چرے گا اوروہِیں لیٹ رہے گاا اور اُس کی ڈالِیاں بِالکُل کاٹ کھائے گا۔
11 جب اُس کی شاخیں مُرجھا جائیں گی تو توڑی جائیں گی ۔ عَورتیں آئیں گی اور اُن کو جلائیں گی کیونکہ لوگ دانِش سے خالی ہیں اِس لِئے اُن کا خالِق اُن پر رحم نہیں کرے گااور اُن کابنانے والا اُن پر ترس نہیں کھائے گا۔
12 اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ خُداوند دریایِ فرا ت کی گُذرگاہ سے رودِ مِصر تک جھاڑ ڈالے گاا ور تُم اَے بنی اِسرائیل ایک ایک کر کے جمع کِئے جاؤ گے۔
13 اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ بڑا نرسِنگا پُھونکا جائے گااور وہ جو اسُور کے مُلک میں قرِیبُ المَوت تھے اوروہ جو مُلکِ مِصر میں جلاوطن تھے آئیں گے اور یروشلیِم کے مُقدّس پہاڑ پر خُداوند کی پرستِش کریں گے۔