یسعیاہ 66 URD

خُداوند قَوموں کی عدالت کرتا ہے

1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ آسمان میرا تخت ہے اور زمِین میرے پاؤں کی چَوکی ۔ تُم میرے لِئے کَیسا گھربناؤ گے اور کَون سی جگہ میری آرام گاہ ہو گی؟۔

2 کیونکہ یہ سب چِیزیں تو میرے ہاتھ نے بنائِیں اور یُوں مَوجُود ہُوئِیں خُداوند فرماتا ہے لیکن مَیں اُس شخص پر نِگاہ کرُوں گا ۔ اُسی پر جو غرِیب اور شِکستہ دِل ہے اور میرے کلام سے کانپ جاتا ہے۔

3 جو بَیل ذبح کرتا ہے اُس کی مانِند ہے جو کِسی آدمی کو مار ڈالتا ہے اور جو برّہ کی قُربانی کرتا ہے اُس کے برابرہے جو کُتّے کی گردن کاٹتا ہے ۔ جو ہدیہ لاتا ہے گویاسُورَ کا لہُو گُذرانتا ہے ۔ جو لُبان جلاتا ہے اُس کی مانِند ہے جو بُت کو مُبارک کہتا ہے ۔ ہاں اُنہوں نے اپنی اپنی راہیں چُن لِیں اور اُن کے دِل اُن کی نفرتی چِیزوں سے مسرُور ہیں۔

4 مَیں بھی اُن کے لِئے آفتوں کو چُن لُوں گا اور جِن باتوں سے وہ ڈرتے ہیں اُن پر لاؤُں گا کیونکہ جب مَیں نے پُکاراتو کِسی نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ اُنہوں نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

5 خُداوند کی بات سُنو اَے تُم جو اُس کے کلام سے کانپتے ہو! تُمہارے بھائی جو تُم سے کِینہ رکھتے ہیں اور میرے نام کی خاطِر تُم کو خارِج کر دیتے ہیں کہتے ہیں خُداوندکی تمجِید کرو تاکہ ہم تُمہاری خُوشی کو دیکھیں لیکن وُہی شرمِندہ ہوں گے۔

6 شہر سے ہجُوم کا شور! ہَیکل کی طرف سے ایک نِدا! خُداوند کی آواز ہے جو اپنے دُشمنوں کو بدلہ دیتا ہے۔

7 پیشتر اِس سے کہ اُسے درد لگے اُس نے جنم دِیا اور اِس سے پہلے کہ اُس کو درد ہو اُس سے بیٹا پَیدا ہُؤا۔

8 اَیسی بات کِس نے سُنی؟ اَیسی چِیزیں کِس نے دیکِھیں؟کیا ایک دِن میں کوئی مُلک پَیدا ہو سکتا ہے؟ کیا یکبارگی ایک قَوم پَیدا ہو جائے گی؟ کیونکہ صِیُّون کو درد لگے ہی تھے کہ اُس کی اَولاد پَیدا ہو گئی۔

9 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اُسے وِلادت کے وقت تک لاؤُں اور پِھر اُس سے وِلادت نہ کراؤُں؟ تیرا خُدا فرماتاہے کیا مَیں جو وِلادت تک لاتا ہُوں وِلادت سے باز رکُھّوں؟۔

10 تُم یروشلیِم کے ساتھ خُوشی مُنائو اور اُس کے سببسے شادمان ہو ۔اُس کے سب دوستو ۔ جو اُس کے لِئے ماتم کرتےتھے اُس کے ساتھ نِہایت خُوش ہو۔

11 تاکہ تُم دُودھ پِیو اور اُس کے تسلّی کے پِستانوںسے سیر ہوتاکہ تُم نِچوڑو اور اُس کی شَوکت کی فراوانی سےحظّ اُٹھاؤ۔

12 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں سلامتی نہر کی مانِند اور قَوموں کی دَولت سَیلاب کی طرح اُس کے پاس رواں کرُوں گا تب تُم دُودھ پِیو گے اور بغل میں اُٹھائے جاؤ گے اور گُھٹنوں پر کُدائے جاؤ گے۔

13 جِس طرح ماں اپنے بیٹے کو دِلاسا دیتی ہے اُسی طرح مَیں تُم کو دِلاسا دُوں گا ۔ یروشلیِم ہی میں تُم تسلّی پاؤ گے۔

14 اور تُم دیکھو گے اور تُمہارا دِل خُوش ہو گا اور تُمہاری ہڈّ ِیاں سبزہ کی مانِند نشو و نُما پائیں گی اور خُداوندکا ہاتھ اپنے بندوں پر ظاہِر ہو گا پر اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔

15 کیونکہ دیکھو خُداوند آگ کے ساتھ آئے گا اور اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند ہوں گے تاکہ اپنے قہر کو جوش کے ساتھ اور اپنی تنبِیہہ کو آگ کے شُعلہ میں ظاہِر کرے۔

16 کیونکہ آگ سے اور اپنی تلوار سے خُداوند تمام بنی آدم کا مُقابلہ کرے گا اور خُداوند کے مقتُول بُہت سے ہوں گے۔

17 وہ جو باغوں کے وسط میں کِسی کے پِیچھے کھڑے ہونے کے لِئے اپنے آپ کو پاک و صاف کرتے ہیں جو سُؤر کا گوشت اور مکرُوہ چِیزیں اور چُوہے کھاتے ہیں خُداوند فرماتا ہے وہ باہم فنا ہو جائیں گے۔

18 اور مَیں اُن کے کام اور اُن کے منصُوبے جانتا ہُوں ۔ وہ وقت آتا ہے کہ مَیں تمام قَوموں اور اہلِ لُغت کوجمع کرُوں گا اور وہ آئیں گے اور میرا جلال دیکھیں گے۔

19 تب مَیں اُن کے درمِیان ایک نِشان نصب کرُوں گا اور مَیںاُن کو جو اُن میں سے بچ نِکلیں قَوموں کی طرف بھیجُوں گایعنی ترسِیس اور پُول اور لُود کو جو تِیرانداز ہیں اور تُوبل اور یاوا ن کو اور دُور کے جزِیروں کو جِنہوں نے میری شُہرت نہیں سُنی اور میرا جلال نہیں دیکھا اوروہ قَوموں کے درمیان میرا جلال بیان کریں گے۔

20 اور خُداوند فرماتا ہے کہ وہ تُمہارے سب بھائیوں کو تمام قَوموں میں سے گھوڑوں اور رتھوں پر اور پالکِیوں میں اور خچّروں پر اور سانڈنیوں پر بِٹھا کر خُداوندکے ہدیہ کے لِئے یروشلیِم میں میرے کوہِ مُقدّس کو لائیں گے جِس طرح سے بنی اِسرائیل خُداوند کے گھر میں پاک برتنوں میں ہدیہ لاتے ہیں۔

21 اور خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُن میں سے بھی کاہِن اور لاوی ہونے کے لِئے لُوں گا۔

22 خُداوند فرماتا ہے جِس طرح نیا آسمان اور نئی زمِین جو مَیں بناؤُں گا میرے حضُور قائِم رہیں گے اُسی طرح تُمہاری نسل اور تُمہارا نام باقی رہے گا۔

23 اور یُوں ہو گا خُداوند فرماتا ہے کہ ایک نئے چاند سے دُوسرے تک اور ایک سبت سے دُوسرے تک ہر فردِ بشر عِبادت کے لِئے میرے حضُور آئے گا۔

24 اور وہ نِکل نِکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر جو مُجھ سے باغی ہُوئے نظر کریں گے کیونکہ اُن کا کِیڑا نہ مَرے گااور اُن کی آگ نہ بُجھے گی اور وہ تمام بنی آدم کے لِئے نفرتی ہوں گے۔