یسعیاہ 65 URD

خُداوند سر کَشوں کو سزا دیتا ہے

1 جو میرے طالِب نہ تھے مَیں اُن کی طرف مُتوجّہِ ہُؤا ۔ جِنہوں نے مُجھے ڈُھونڈا نہ تھا مُجھے پا لِیا ۔ مَیں نے ایک قَوم سے جو میرے نام سے نہیں کہلاتی تھی فرمایادیکھ مَیں حاضِر ہُوں۔

2 مَیں نے سرکش لوگوں کی طرف جو اپنی فِکروں کی پَیروی میں بُری راہ پر چلتے ہیں ہمیشہ ہاتھ پَھیلائے۔

3 اَیسے لوگ جو ہمیشہ میرے رُوبرُو باغوں میں قُربانیاں کرنے اور اِینٹوں پر خُوشبُو جلانے سے مُجھے برافروختہ کرتے ہیں۔

4 جو قبروں میں بَیٹھتے اور پوشِیدہ جگہوں میں رات کاٹتے اورسُؤر کا گوشت کھاتے ہیں اور جِن کے برتنوں میں نفرتی چِیزوں کا شوربا مَوجُود ہے۔

5 جو کہتے ہیں تُو الگ ہی کھڑا رہ ۔ میرے نزدِیک نہ آ کیونکہ مَیں تُجھ سے زِیادہ پاک ہُوں ۔ یہ میری ناک میں دُھوئیں کی مانِند اور دِن بھر جلنے والی آگ کی طرح ہیں۔

6 دیکھو میرے آگے یہ قلمبند ہُؤا ہے ۔ پس مَیں خاموش نہ رہُوں گا بلکہ بدلہ دُوں گا ۔ خُداوند فرماتا ہے ہاں اُن کی گود میں ڈال دُوں گا۔

7 تُمہاری اور تُمہارے باپ دادا کی بدکرداری کا بدلہ اِکٹّھا دُوں گا جو پہاڑوں پر خُوشبُو جلاتے اور ٹِیلوں پر میری تکفِیر کرتے تھے ۔ پس مَیں پہلے اُن کے کاموں کو اُن کی گود میں ناپ کر دُوں گا۔

8 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح شِیرہ خوشۂِ انگُور میں مَوجُود ہے اور کوئی کہے اُسے خراب نہ کر کیونکہ اُس میں برکت ہے اُسی طرح مَیں اپنے بندوں کی خاطِر کرُوں گاتاکہ اُن سب کو ہلاک نہ کرُوں۔

9 اور مَیں یعقُو ب میں سے ایک نسل اور یہُودا ہ میں سے اپنے کوہِستان کا وارِث برپا کرُوں گا اور میرے برگُزِیدہ لوگ اُس کے وارِث ہوں گے اور میرے بندے وہاں بسیں گے۔

10 اور شارُو ن گلّوں کا گھر ہو گا اور عکُور کی وادی بَیلوں کے بَیٹھنے کا مقام میرے اُن لوگوں کے لِئے جو میرے طالِب ہُوئے۔

11 لیکن تُم جو خُداوند کو ترک کرتے اور اُس کے کوہِ مُقدّس کو فراموش کرتے اور مُشتر ی کے لِئے دسترخوان چُنتے اور زُہر ہ کے لِئے شرابِ ممزُوج کا جام پُر کرتے ہو۔

12 مَیں تُم کو گِن گِن کر تلوار کے حوالہ کرُوں گا اور تُم سب ذبح ہونے کے لِئے خم ہو گے کیونکہ جب مَیں نے بُلایا تو تُم نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو تُم نے نہ سُنا بلکہ تُم نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

13 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو میرے بندے کھائیں گے پر تُم بُھوکے رہو گے ۔ میرے بندے پِئیں گے پر تُم پِیاسے رہو گے ۔ میرے بندے شادمان ہوں گے پر تُم شرمِندہ ہو گے۔

14 اور میرے بندے دِل کی خُوشی سے گائیں گے پر تُم دِ ل گِیری کے سبب سے نالان ہو گے اور جانکاہی سے واوَیلا کرو گے۔

15 اور تُم اپنا نام میرے برگُزِیدوں کی لَعنت کے لِئے چھوڑ جاؤ گے ۔ خُداوند خُدا تُم کو قتل کرے گا اور اپنے بندوں کو ایک دُوسرے نام سے بُلائے گا۔

16 یہاں تک کہ جو کوئی رُویِ زمِین پر اپنے لِئے دُعایِ خَیر کرے خُدایِ برحق کے نام سے کرے گا اور جو کوئی زمِین میں قَسم کھائے خُدایِ برحق کے نام سے کھائے گا کیونکہ گُذشتہ مُصِیبتیں فراموش ہو گئِیں اور وہ میری آنکھوں سے پوشِیدہ ہیں۔

نئی مخلُوقات

17 کیونکہ دیکھو مَیں نئے آسمان اور نئی زمِین کو پَیدا کرتا ہُوں اور پہلی چِیزوں کا پِھر ذِکر نہ ہو گا اور وہ خیال میں نہ آئیں گی۔

18 بلکہ تُم میری اِس نئی خِلقت سے ابدی خُوشی اور شادمانی کرو کیونکہ دیکھو مَیں یروشلیِم کو خُوشی اور اُس کے لوگوں کو خُرّمی بناؤُں گا۔

19 اور مَیں یروشلیِم سے خُوش اور اپنے لوگوں سے مسرُور ہُوں گا اور اُس میں رونے کی صدا اور نالہ کی آواز پِھرکبھی سُنائی نہ دے گی۔

20 پِھر کبھی وہاں کوئی اَیسا لڑکا نہ ہو گا جو کم عُمر رہے اور نہ کوئی اَیسا بُوڑھا جو اپنی عُمر پُوری نہ کرے کیونکہ لڑکا سَو برس کا ہو کر مَرے گا اور جو گُنہگارسَو برس کا ہو جائے ملعُون ہو گا۔

21 وہ گھر بنائیں گے اور اُن میں بسیں گے۔ وہ تاکِستان لگائیں گے اور اُن کے میوے کھائیں گے۔

22 نہ کہ وہ بنائیں اور دُوسرا بسے ۔ وہ لگائیں اور دُوسراکھائے کیونکہ میرے بندوں کے ایّام درخت کے ایّام کی مانِند ہوں گے اور میرے برگُزِیدے اپنے ہاتھوں کے کام سے مُدّتوں تک فائِدہ اُٹھائیں گے۔

23 اُن کی مِحنت بے سُود نہ ہو گی اور اُن کی اَولاد ناگہان ہلاک نہ ہو گی کیونکہ وہ اپنی اَولاد سمیت خُداوند کے مُبارک لوگوں کی نسل ہیں۔

24 اور یُوں ہو گا کہ مَیں اُن کے پُکارنے سے پہلے جواب دُوں گا اور وہ ہنُوز کہہ نہ چُکیں گے کہ مَیں سُن لُوں گا۔

25 بھیڑِیا اور برّہ اِکٹّھے چریں گے اور شیرِ بَبر بَیل کی مانِند بُھوسا کھائے گا اور سانپ کی خُوراک خاک ہو گی ۔ وہ میرے تمام کوہِ مُقدّس پر نہ ضرر پُہنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے خُداوند فرماتا ہے۔