یسعیاہ 32 URD

ایک صادِق اورعادل بادشاہ

1 دیکھ ایک بادشاہ صداقت سے سلطنت کرے گا اور شاہزادے عدالت سے حُکمرانی کریں گے۔

2 اور ایک شخص آندھی سے پناہ گاہ کی مانِند ہو گا اورطُوفان سے چُھپنے کی جگہ اور خُشک زمِین میں پانی کی ندیوں کی مانِند اور ماندگی کی زمِین میں بڑی چٹان کے سایہ کی مانِند ہو گا۔

3 اُس وقت دیکھنے والوں کی آنکھیں دُھندلی نہ ہوں گی اورسُننے والوں کے کان شِنوا ہوں گے۔

4 جلدباز کا دِل عِرفان حاصِل کرے گا اور لُکنتی کی زُبان صاف بولنے میں مُستعِد ہو گی۔

5 تب احمق بامُرُوّت نہ کہلائے گا اور بخِیل کو کوئی سخی نہ کہے گا۔

6 کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرے گا اور اُس کا دِل بدی کا منصُوبہ باندھے گا کہ بے دِینی کرے اور خُداوند کے خِلاف دروغ گوئی کرے اور بُھوکے کے پیٹ کو خالی کرے اورپِیاسے کو پانی سے محرُوم رکھّے۔

7 اور بخِیل کے ہتھیار زبُون ہیں ۔ وہ بُرے منصُوبے باندھاکرتا ہے تاکہ جُھوٹی باتوں سے مِسکِین کو اور مُحتاج کو جب کہ وہ حق بیان کرتا ہو ہلاک کرے۔

8 لیکن صاحِب مُرُوّت سخاوت کی باتیں سوچتا ہے اور وہ سخاوت کے کاموں میں ثابِت قدم رہے گا۔

غضب اور بحالی

9 اَے عَورتو تُم جو آرام میں ہو اُٹھو! میری آواز سُنو!اَے بے پروا بیٹیو! میری باتوں پر کان لگاؤ۔

10 اَے بے پروا عَورتو! سال سے کُچھ زِیادہ عرصہ میں تُم بے آرام ہو جاؤ گی کیونکہ انگُور کی فصل جاتی رہے گی۔ پَھل جمع کرنے کی نَوبت نہ آئے گی۔

11 اَے عَورتو تُم جو آرام میں ہو تھرتھراؤ! اَے بے پرواؤ! مُضطرِب ہو ۔ کپڑے اُتار کر برہنہ ہو جاؤ ۔ کمر پر ٹاٹ باندھو۔

12 وہ دِل پذِیر کھیتوں اور میوہ دار تاکوں کے لِئے چھاتی پِیٹیں گی۔

13 میرے لوگوں کی سرزمِین میں کانٹے اور جھاڑِیاں ہوں گی بلکہ خُوش وقت شہر کے تمام شادمان گھروں میں بھی۔

14 کیونکہ قصر خالی ہو جائے گا اور آباد شہر ترک کِیا جائے گا۔ عوفل اور دِیدبانی کا بُرج ہمیشہ تک ماند بن کر گورخروں کی آرام گاہیں اور گلّوں کی چراگاہیں ہوں گے۔

15 تاوقتیکہ عالِم بالا سے ہم پر رُوح نازِل نہ ہو اوربیابان شاداب مَیدان نہ بنے اور شاداب مَیدان جنگل نہ گِنا جائے۔

16 تب بیابان میں عدل بسے گا اور صداقت شاداب مَیدان میں رہا کرے گی۔

17 اور صداقت کا انجام صُلح ہو گا اور صداقت کا پَھل ابدی آرام و اِطمِینان ہو گا۔

18 اور میرے لوگ سلامتی کے مکانوں میں اور بے خطر گھروں میں اور آسُودگی اور آسایش کے کاشانوں میں رہیں گے۔

19 لیکن جنگل کی بربادی کے وقت اولے پڑیں گے اور شہر بِالکُل پست ہو جائے گا۔

20 تُم خُوش نصِیب ہو جو سب نہروں کے آس پاس بوتے ہو اوربَیلوں اور گدھوں کو اُدھر لے جاتے ہو۔