یسعیاہ 15 URD

خُداوند موآب کو برباد کرے گا

1 موآ ب کی بابت بارِ نبُوّت۔ایک ہی رات میں عارِموآ ب خراب و نابُود ہو گیا ایک ہی رات میں قِیرِموآ ب خراب و نیست ہو گیا۔

2 بَیت اور دِیبون اُونچے مقاموں پر رونے کے لِئے چڑھ گئے ہیں ۔ نبُو اور مِیدبا پر اہلِ موآ ب واوَیلا کرتے ہیں ۔ اُن سب کے سر مُنڈائے گئے اور ہر ایک کی داڑھی کاٹی گئی۔

3 وہ اپنی راہوں میں ٹاٹ کا کمربند باندھتے ہیں اور اپنے گھروں کی چھتّوں پر اور بازاروں میں نَوحہ کرتے ہُوئے سب کے سب زار زار روتے ہیں۔

4 حسبو ن اور الیعالہ واوَیلا کرتے ہیں ۔ اُن کی آوازیہض تک سُنائی دیتی ہے ۔ اِس پر موآ ب کے مُسلّح سِپاہی چِلاّ چِلاّ کر روتے ہیں ۔ اُس کی جان اُس میں تھرتھراتی ہے۔

5 میرا دِل موآ ب کے لِئے فریاد کرتا ہے ۔ اُس کے بھاگنے والے ضُغر تک عجلت شلیشِیا ہ تک پُہنچے ۔ ہاں وہ لُوحیِت کی چڑھائی پر روتے ہُوئے چڑھ جاتے اور حورو نایم کی راہ میں ہلاکت پر واوَیلا کرتے ہیں۔

6 کیونکہ نِمرِیم کی نہریں خراب ہو گئِیں کیونکہ گھاس کملا گئی اور سبزہ مُرجھا گیا اور روئیدگی کا نام نہ رہا۔

7 اِس لِئے وہ فراوان مال جو اُنہوں نے حاصِل کِیا تھااور ذخِیرہ جو اُنہوں نے رکھ چھوڑا تھا بید کی ندی کے پار لے جائیں گے۔

8 کیونکہ فریاد موآ ب کی سرحدّوں تک اور اُن کا نَوحہ اِجلائِم تک اور اُن کا ماتم بیرایلِیم تک پُہنچ گیاہے۔

9 کیونکہ دَیمو ن کی ندیاں لہُو سے بھری ہیں۔ مَیں دَیمو ن پر زِیادہ مُصِیبت لاؤُں گا کیونکہ اُس پر جوموآ ب میں سے بچ کر بھاگے گا اور اُس مُلک کے باقی لوگوں پر ایک شیرِ بَبر بھیجُوں گا۔