یسعیاہ 8 URD

یسعیاہ کا بیٹا قَوم کے لِئے ایک نِشان

1 پِھر خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ ایک بڑی تختی لے اور اُس پر صاف صاف لِکھ مہیر شالال حاش بز کے لِئے۔

2 اور دو دِیانت دار گواہوں کو یعنی اُوریا ہ کاہِن کو اور زکریا ہ بِن یبر کیاہ کو شاہِد بنا۔

3 اور مَیں نبِیّہ کے پاس گیا ۔ سو وہ حامِلہ ہُوئی اوربیٹا پَیدا ہُؤا ۔ تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ اُس کانام مہیرشالال حاش بز رکھ۔

4 کیونکہ اِس سے پیشتر کہ یہ لڑکا ابّا اور امّاں کہناسِیکھے دمِشق کا مال اور سامر یہ کی لُوٹ کو اُٹھواکر شاہِ اسُور کے حضُور لے جائیں گے۔

اسُور کا بادشاہ لشکر کَشی کرے گا

5 پِھر خُداوند نے مُجھ سے فرمایا۔

6 چُونکہ اِن لوگوں نے چشمۂِ شِیلو خ کے آہستہ رَو پانی کو ردّ کِیا اور رضِین اور رملیا ہ کے بیٹے پر مائِل ہُوئے۔

7 اِس لِئے اب دیکھ خُداوند دریایِ فرا ت کے سخت شدِید سَیلاب کو یعنی شاہِ اسُور اور اُس کی ساری شَوکت کواِن پر چڑھا لائے گا اور وہ اپنے سب نالوں پر اور اپنے سب کناروں سے بہہ نِکلے گا۔

8 اور وہ یہُودا ہ میں بڑھتا چلا جائے گا اور اُس کی طُغیانی بڑھتی جائے گی ۔ وہ گردن تک پُہنچے گااور اُس کے پروں کے پَھیلاؤ سے تیرے مُلک کی ساری وُسعت اَے عِمّانُوایل چُھپ جائے گی۔

9 اَے لوگو دُھوم مچاؤ پر تُم ٹُکڑے ٹُکڑے کِئے جاؤ گے اور اَے دُور دُور کے مُلکوں کے باشِندوں سُنو! کمرباندھو پر تُمہارے ٹُکڑے ٹُکڑے کِئے جائیں گے ۔ کمر باندھوپر تُمہارے پُرزے پُرزے ہوں گے۔

10 تُم منصُوبہ باندھو پر وہ باطِل ہو گا ۔ تُم کُچھ کہواور اُسے قِیام نہ ہو گا کیونکہ خُدا ہمارے ساتھ ہے۔

خُداوند نبی کو خبردارکرتا ہے

11 کیونکہ خُداوند نے جب اُس کا ہاتھ مُجھ پر غالِب ہُؤااور اِن لوگوں کی راہ میں چلنے سے مُجھے منع کِیا تومُجھ سے یُوں فرمایا کہ۔

12 تُم اُس سب کو جِسے یہ لوگ سازِش کہتے ہیں سازِش نہ کہو اور جِس سے وہ ڈرتے ہیں تُم نہ ڈرو اور نہ گھبراؤ۔

13 تُم ربُّ الافواج ہی کو مُقدّس جانو اور اُسی سے ڈرواور اُسی سے خائِف رہو۔

14 اور وہ ایک مَقدِس ہو گا لیکن اِسرائیل کے دونوں گھرانوں کے لِئے صدمہ اور ٹھوکر کا پتّھر اور یروشلیِم کے باشِندوں کے لِئے پھندا اور دام ہو گا۔

15 اُن میں سے بُہتیرے اُس سے ٹھوکر کھائیں گے اور گِریں گے اور پاش پاش ہوں گے اور دام میں پھنسیں گے اور پکڑے جائیں گے۔

مُردوں سے فال لینے کے خِلاف اِنتباہ

16 شہادت نامہ بند کر دو اور میرے شاگِردوں کے لِئے شرِیعت پر مُہر کرو۔

17 مَیں بھی خُداوند کی راہ دیکُھوں گا جو اَب یعقُو ب کے گھرانے سے اپنا مُنہ چُھپاتا ہے ۔ مَیں اُس کا اِنتظارکرُوں گا۔

18 دیکھ مَیں اُن لڑکوں سمیت جو خُداوند نے مُجھے بخشے ربُّ الافواج کی طرف سے جو کوہِ صِیّون میں رہتا ہے بنی اِسرائیل کے درمِیان نِشانوں اور عجائِب و غرائِب کے لِئے ہُوں۔

19 اور جب وہ تُم سے کہیں تُم جِنّات کے یاروں اور افسُون گروں کی جو پُھسپُھساتے اور بُڑبُڑاتے ہیں تلاش کرو تو تُم کہو کیا لوگوں کو مُناسِب نہیں کہ اپنے خُدا کے طالِب ہوں؟ کیا زِندوں کی بابت مُردوں سے سوال کریں؟۔

20 شرِیعت اور شہادت پر نظر کرو۔ اگر وہ اِس کلام کے مُطابِق نہ بولیں تو اُن کے لِئے صُبح نہ ہو گی۔

خَستہ حالی کا دَور

21 تب وہ مُلک میں بُھوکے اور خَستہ حال پِھریں گے اور یُوں ہو گا کہ جب وہ بُھوکے ہوں تو جان سے بیزار ہوں گے اوراپنے بادشاہ اور اپنے خُدا پر لَعنت کریں گے اور اپنے مُنہ آسمان کی طرف اُٹھائیں گے۔

22 پِھر زمِین کی طرف دیکھیں گے اور ناگہان تنگی اور تارِیکی یعنی ظُلمتِ اندوہ اور تِیرگی میں کھدیڑے جائیں گے۔