یسعیاہ 29:7-13 URD

7 اور اُن سب قَوموں کا انبوہ جو اریئیل سے لڑے گایعنی وہ سب جو اُس سے اور اُس کے قلعہ سے جنگ کریں گے اوراُسے دُکھ دیں گے خواب یا رات کی رویا کی مانِند ہو جائیں گے۔

8 جَیسے بُھوکا آدمی خواب میں دیکھے کہ کھا رہا ہے پرجاگ اُٹھے اور اُس کا جی نہ بھرا ہو یا پِیاسا آدمی خواب میں دیکھے کہ پانی پی رہا ہے پر جاگ اُٹھے اور پیاس سے بیتاب ہو اور اُس کی جان آسُودہ نہ ہو وَیسا ہی اُن سب قَوموں کے انبوہ کا حال ہو گا جو کوہِ صِیُّون سے جنگ کرتی ہیں۔

9 ٹھہر جاؤ اور تعجُّب کرو ۔ عَیش و عِشرت کرو اور اندھے ہو جاؤ ۔ وہ مست ہیں پر مَے سے نہیں ۔ وہ لڑکھڑاتے ہیں پر نشہ میں نہیں۔

10 کیونکہ خُداوند نے تُم پر گہری نِیند کی رُوح بھیجی ہے اور تُمہاری آنکھوں یعنی نبِیوں کو نابِینا کر دِیااور تُمہارے سروں یعنی غَیب بِینوں پر حِجاب ڈال دِیا۔

11 اور ساری رویا تُمہارے نزدِیک سر بمُہر کِتاب کے مضمُون کی مانِند ہو گی جِسے لوگ کِسی پڑھے لِکھے کو دیں اورکہیں اِس کو پڑھ اور وہ کہے مَیں پڑھ نہیں سکتا کیونکہ یہ سر بمُہر ہے۔

12 اور پِھر وہ کِتاب کِسی ناخواندہ کو دیں اور کہیں اِس کوپڑھ اور وہ کہے مَیں تو پڑھنا نہیں جانتا۔

13 پس خُداوند فرماتا ہے چُونکہ یہ لوگ زُبان سے میری نزدِیکی چاہتے ہیں اور ہونٹوں سے میری تعظِیم کرتے ہیں لیکن اِن کے دِل مُجھ سے دُور ہیں کیونکہ میرا خَوف جو اِن کو ہُؤافقط آدمِیوں کی تعلِیم سُننے سے ہُؤا۔