1 دیکھو خُداوند کا ہاتھ چھوٹا نہیں ہو گیا کہ بچا نہ سکے اور اُس کا کان بھاری نہیں کہ سُن نہ سکے۔
2 بلکہ تُمہاری بدکرداری نے تُمہارے اور تُمہارے خُداکے درمِیان جُدائی کر دی ہے اور تُمہارے گُناہوں نے اُسے تُم سے رُوپوش کِیا اَیسا کہ وہ نہیں سُنتا۔
3 کیونکہ تُمہارے ہاتھ خُون سے اور تُمہاری اُنگلیاں بدکرداری سے آلُودہ ہیں ۔ تُمہارے لب جُھوٹ بولتے اورتُمہاری زُبان شرارت کی باتیں بکتی ہے۔
4 کوئی اِنصاف کی بات پیش نہیں کرتا اور کوئی سچّائی سے حُجّت نہیں کرتا ۔ وہ بطالت پر توکُّل کرتے ہیں اورجُھوٹ بولتے ہیں ۔ وہ زِیان کاری سے باردار ہو کر بدکرداری کو جنم دیتے ہیں۔
5 وہ افعی کے انڈے سیتے اور مکڑی کا جالا تنتے ہیں۔ جو اُن کے انڈوں میں سے کُچھ کھائے مَر جائے گا اور جو اُن میں سے توڑا جائے اُس سے افعی نِِکلے گا۔
6 اُن کے جالے سے پوشاک نہیں بنے گی ۔ وہ اپنی دست کاری سے مُلبّس نہ ہوں گے ۔ اُن کے اعمال بدکرداری کے ہیں اورظُلم کا کام اُن کے ہاتھوں میں ہے۔
7 اُن کے پاؤں بدی کی طرف دَوڑتے ہیں اور وہ بے گُناہ کا خُون بہانے کے لِئے جلدی کرتے ہیں ۔ اُن کے خیالات بدکرداری کے ہیں ۔ تباہی اور ہلاکت اُن کی راہوں میں ہے۔