یسعیاہ 63:1-7 URD

1 یہ کَون ہے جو ادُو م سے اور سُرخ پوشاک پہنے بُصرا ہ سے آتا ہے؟ یہ جِس کا لِباس درخشان ہے اور اپنی توانائی کی بزُرگی سے خِرامان ہے؟یہ مَیں ہُوں جو صادِقُ القَول اور نجات دینے پر قادِر ہُوں۔

2 تیری پوشاک کیوں سُرخ ہے؟ تیرا لِباس کیوں اُس شخص کی مانِند ہے جو انگُور حَوض میں رَوندتا ہے؟۔

3 مَیں نے تن تنہا انگُور حَوض میں رَوندے اور لوگوں میں سے میرے ساتھ کوئی نہ تھا ۔ ہاں مَیں نے اُن کو اپنے قہر میں لتاڑا اور اپنے جوش میں اُن کو رَوندا اور اُن کا خُون میرے لِباس پر چِھڑکا گیا اور مَیں نے اپنے سب کپڑوں کو آلُودہ کِیا۔

4 کیونکہ اِنتقام کا دِن میرے دِل میں ہے اور میرے خرِیدے ہُوئے لوگوں کا سال آ پُہنچا ہے۔

5 مَیں نے نِگاہ کی اور کوئی مددگار نہ تھا اور مَیں نے تعجُّب کِیا کہ کوئی سنبھالنے والا نہ تھا ۔ پس میرے ہی بازُو سے نجات آئی اور میرے ہی قہر نے مُجھے سنبھالا۔

6 ہاں مَیں نے اپنے قہر سے لوگوں کو لتاڑا اور اپنے غضب سے اُن کو مدہوش کِیا اور اُن کا خُون زمِین پر بہا دِیا۔

7 مَیں خُداوند کی شفقت کا ذِکر کرُوں گا ۔خُداوند ہی کی سِتایش کا ۔اُس سب کے مُطابِق جو خُداوند نے ہم کو عِنایتکِیا ہےاور اُس بڑی مِہربانی کا جو اُس نے اِسرائیل کےگھرانے پراپنی خاص رحمت اور فراوان شفقت کے مُطابِقظاہِر کی ہے۔