1 دمِشق کی بابت بارِ نبُوّت۔دیکھو دمِشق اب تو شہر نہ رہے گا بلکہ کھنڈر کا ڈھیرہو گا۔
2 عروعیر کی بستِیاں وِیران ہیں اور گلّوں کی چراگاہیں ہوں گی ۔ وہ وہاں بَیٹھیں گے اور کوئی اُن کے ڈرانے کو بھی وہاں نہ ہو گا۔
3 اور افرائِیم میں کوئی قلعہ نہ رہے گا ۔ دمِشق اورارام کے بقِیّہ سے سلطنت جاتی رہے گی ۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے جو حال بنی اِسرائیل کی شَوکت کا ہُؤا وُہی اُن کا ہو گا۔
4 اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ یعقُو ب کی حشمت گھٹ جائے گی اور اُس کا چربی دار بدن دُبلا ہو جائے گا۔
5 یہ اَیسا ہو گا جَیسا کوئی کھڑے کھیت کاٹ کر غلّہ جمع کرے اور اپنے ہاتھ سے بالیں توڑے بلکہ اَیسا ہو گا جَیسا کوئی رفائِیم کی وادی میں خوشہ چِینی کرے۔