یسعیاہ 64:6-12 URD

6 اور ہم تو سب کے سب اَیسے ہیں جَیسے ناپاک چِیز اور ہماری تمام راست بازی ناپاک لِباس کی مانِند ہے اور ہم سب پتّے کی طرح کُملا جاتے ہیں اور ہماری بدکرداری آندھی کی مانِند ہم کو اُڑا لے جاتی ہے۔

7 اور کوئی نہیں جو تیرا نام لے ۔ جو اپنے آپ کو آمادہ کرے کہ تُجھ سے لِپٹا رہے کیونکہ ہماری بدکرداری کے سبب سے تُو ہم سے رُوپوش ہُؤا اور ہم کو پِگھلا ڈالا۔

8 تَو بھی اَے خُداوند! تُو ہمارا باپ ہے ۔ ہم مِٹّی ہیں اور تُو ہمارا کُمہار ہے اور ہم سب کے سب تیری دستکاری ہیں۔

9 اَے خُداوند! غضبناک نہ ہو اور بدکرداری کو ہمیشہ تک یاد نہ رکھ ۔ دیکھ ہم تیری مِنّت کرتے ہیں ۔ ہم سب تیرے لوگ ہیں۔

10 تیرے پاک شہر بیابان بن گئے ۔ صِیُّون سُنسان اور یروشلیِم وِیران ہے۔

11 ہمارا خُوش نُما مَقدِس جِس میں ہمارے باپ دادا تیری سِتایش کرتے تھے آگ سے جلایا گیا اور ہماری نفِیس چِیزیں برباد ہو گئِیں۔

12 اَے خُداوند! کیا تُو اِس پر بھی اپنے آپ کو روکے گا؟کیا تُو خاموش رہے گا اور ہم کو یُوں بدحال کرے گا؟۔