یسعیاہ 65:1-7 URD

1 جو میرے طالِب نہ تھے مَیں اُن کی طرف مُتوجّہِ ہُؤا ۔ جِنہوں نے مُجھے ڈُھونڈا نہ تھا مُجھے پا لِیا ۔ مَیں نے ایک قَوم سے جو میرے نام سے نہیں کہلاتی تھی فرمایادیکھ مَیں حاضِر ہُوں۔

2 مَیں نے سرکش لوگوں کی طرف جو اپنی فِکروں کی پَیروی میں بُری راہ پر چلتے ہیں ہمیشہ ہاتھ پَھیلائے۔

3 اَیسے لوگ جو ہمیشہ میرے رُوبرُو باغوں میں قُربانیاں کرنے اور اِینٹوں پر خُوشبُو جلانے سے مُجھے برافروختہ کرتے ہیں۔

4 جو قبروں میں بَیٹھتے اور پوشِیدہ جگہوں میں رات کاٹتے اورسُؤر کا گوشت کھاتے ہیں اور جِن کے برتنوں میں نفرتی چِیزوں کا شوربا مَوجُود ہے۔

5 جو کہتے ہیں تُو الگ ہی کھڑا رہ ۔ میرے نزدِیک نہ آ کیونکہ مَیں تُجھ سے زِیادہ پاک ہُوں ۔ یہ میری ناک میں دُھوئیں کی مانِند اور دِن بھر جلنے والی آگ کی طرح ہیں۔

6 دیکھو میرے آگے یہ قلمبند ہُؤا ہے ۔ پس مَیں خاموش نہ رہُوں گا بلکہ بدلہ دُوں گا ۔ خُداوند فرماتا ہے ہاں اُن کی گود میں ڈال دُوں گا۔

7 تُمہاری اور تُمہارے باپ دادا کی بدکرداری کا بدلہ اِکٹّھا دُوں گا جو پہاڑوں پر خُوشبُو جلاتے اور ٹِیلوں پر میری تکفِیر کرتے تھے ۔ پس مَیں پہلے اُن کے کاموں کو اُن کی گود میں ناپ کر دُوں گا۔