یسعیاہ 66:1-7 URD

1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ آسمان میرا تخت ہے اور زمِین میرے پاؤں کی چَوکی ۔ تُم میرے لِئے کَیسا گھربناؤ گے اور کَون سی جگہ میری آرام گاہ ہو گی؟۔

2 کیونکہ یہ سب چِیزیں تو میرے ہاتھ نے بنائِیں اور یُوں مَوجُود ہُوئِیں خُداوند فرماتا ہے لیکن مَیں اُس شخص پر نِگاہ کرُوں گا ۔ اُسی پر جو غرِیب اور شِکستہ دِل ہے اور میرے کلام سے کانپ جاتا ہے۔

3 جو بَیل ذبح کرتا ہے اُس کی مانِند ہے جو کِسی آدمی کو مار ڈالتا ہے اور جو برّہ کی قُربانی کرتا ہے اُس کے برابرہے جو کُتّے کی گردن کاٹتا ہے ۔ جو ہدیہ لاتا ہے گویاسُورَ کا لہُو گُذرانتا ہے ۔ جو لُبان جلاتا ہے اُس کی مانِند ہے جو بُت کو مُبارک کہتا ہے ۔ ہاں اُنہوں نے اپنی اپنی راہیں چُن لِیں اور اُن کے دِل اُن کی نفرتی چِیزوں سے مسرُور ہیں۔

4 مَیں بھی اُن کے لِئے آفتوں کو چُن لُوں گا اور جِن باتوں سے وہ ڈرتے ہیں اُن پر لاؤُں گا کیونکہ جب مَیں نے پُکاراتو کِسی نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ اُنہوں نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

5 خُداوند کی بات سُنو اَے تُم جو اُس کے کلام سے کانپتے ہو! تُمہارے بھائی جو تُم سے کِینہ رکھتے ہیں اور میرے نام کی خاطِر تُم کو خارِج کر دیتے ہیں کہتے ہیں خُداوندکی تمجِید کرو تاکہ ہم تُمہاری خُوشی کو دیکھیں لیکن وُہی شرمِندہ ہوں گے۔

6 شہر سے ہجُوم کا شور! ہَیکل کی طرف سے ایک نِدا! خُداوند کی آواز ہے جو اپنے دُشمنوں کو بدلہ دیتا ہے۔

7 پیشتر اِس سے کہ اُسے درد لگے اُس نے جنم دِیا اور اِس سے پہلے کہ اُس کو درد ہو اُس سے بیٹا پَیدا ہُؤا۔