1 اَے خُداوند!میری دُعا سُناور میری فریاد تیرے حضُور پُہنچے۔
2 میری مُصِیبت کے دِن مُجھ سے رُوپوش نہ ہو۔اپنا کان میری طرف جُھکا۔جِس دِن مَیں فریاد کرُوں مُجھے جلد جواب دے ۔
3 کیونکہ میرے دِن دُھوئیں کی طرح اُڑے جاتے ہیںاور میری ہڈِّیاں اِیندھن کی طرح جل گئِیں۔
4 میرا دِل گھاس کی طرح جُھلس کر سُوکھ گیا۔کیونکہ مَیں اپنی روٹی کھانا بُھول جاتا ہُوں۔
5 کراہتے کراہتےمیری ہڈِّیاں میرے گوشت سے جا لگِیں۔
6 مَیں جنگلی حواصِل کی مانِند ہُوں۔مَیں وِیرانے کا اُلّو بن گیا۔
7 مَیں بے خواب اور اُس گَورے کی مانِند ہو گیا ہُوںجو چھت پر اکیلا ہو۔
8 میرے دُشمن مُجھے دِن بھر ملامت کرتے ہیں۔میرے مُخالِف دِیوانہ ہو کر مُجھ پر لَعنت کرتے ہیں ۔
9 کیونکہ مَیں نے روٹی کی طرح راکھ کھائیاور آنسُو مِلا کر پانی پِیا۔
10 یہ تیرے غضب اور قہر کے سبب سے ہے۔کیونکہ تُو نے مُجھے اُٹھایا اور پِھر پٹک دِیا۔
11 میرے دِن ڈھلنے والے سایہ کی مانِند ہیںاور مَیں گھاس کی طرح مُرجھا گیا ہُوں۔
12 لیکن تُو اَے خُداوند! ابد تک رہے گااور تیری یادگار پُشت در پُشت رہے گی۔
13 تُو اُٹھے گا اور صِیُّون پر رحم کرے گاکیونکہ اُس پر ترس کھانے کا وقت ہے ۔ ہاں اُسکا مُعیّن وقت آ گیا ہے۔
14 اِس لِئے کہ تیرے بندے اُس کے پتھّروں کو چاہتےاور اُس کی خاک پر ترس کھاتے ہیں۔
15 اور قَوموں کو خُداوند کے نام کااور زمِین کے سب بادشاہوں کو تیرے جلال کاخَوف ہوگا۔
16 کیونکہ خُداوند نے صِیُّون کو بنایا ہے۔وہ اپنے جلال میں ظاہِر ہُؤا ہے۔
17 اُس نے بیکسوں کی دُعا پر توجُّہ کیاور اُن کی دُعا کو حقِیر نہ جانا۔
18 یہ آیندہ پُشت کے لِئے لِکھا جائے گااور ایک قَوم پَیدا ہو گی جو خُداوند کی سِتایش کرے گی۔
19 کیونکہ اُس نے اپنے مَقدِس کی بُلندی پر سے نِگاہ کی ۔خُداوند نے آسمان پر سے زمِین پر نظر کی۔
20 تاکہ اسِیر کا کراہنا سُنےاور مَرنے والوں کو چُھڑا لے۔
21 تاکہ لوگ صِیُّون میں خُداوند کے نام کا اِظہاراور یروشلِیم میں اُس کی تعرِیف کریں۔
22 جب خُداوند کی عِبادت کے لِئےقَومیں اور مملکتیں مِل کر جمع ہوں۔
23 اُس نے راہ میں میرا زور گھٹا دِیا۔اُس نے میری عُمر کوتاہ کر دی۔
24 مَیں نے کہا اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عُمر میں نہ اُٹھاتیرے برس پُشت در پُشت ہیں۔
25 تُو نے قدِیم سے زمِین کی بُنیاد ڈالی۔آسمان تیرے ہاتھ کی صنعت ہے۔
26 وہ نیست ہو جائیں گے پر تُو باقی رہے گا۔بلکہ وہ سب پوشاک کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔تُو اُن کو لِباس کی مانِند بدلے گااور وہ بدل جائیں گے
27 پر تُو لاتبدِیل ہےاور تیرے برس لااِنتہا ہوں گے۔
28 تیرے بندوں کے فرزند برقرار رہیں گےاور اُن کی نسل تیرے حضُور قائِم رہے گی۔