زبُو 99 URD

خُداسب سے بڑا بادشاہ ہے

1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ قَومیں کانپیں۔وہ کرُّوبیوں پر بَیٹھتا ہے ۔ زمِین لرزے۔

2 خُداوند صِیُّون میں بزُرگ ہےاور وہ سب قَوموں پر بُلند و بالا ہے۔

3 وہ تیرے بزُرگ اور مُہِیب نام کی تعرِیف کریں۔وہ قُدُّوس ہے۔

4 بادشاہ کی قُوّت اِنصاف پسند ہے۔تُو راستی کو قائِم کرتا ہے۔تُو ہی نے عدل اور صداقت کو یعقُوب میں رائِج کِیا ۔

5 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو۔اور اُس کے پاؤں کی چَوکی پر سِجدہ کرو۔وہ قُدُّوس ہے۔

6 اُس کے کاہِنوں میں سے مُوسیٰ اور ہارُون نےاور اُس کا نام لینے والوں میں سے سموئیل نےخُداوند سے دُعا کی اور اُس نے اُن کو جواب دِیا ۔

7 اُس نے بادل کے سُتُون میں سے اُن سے کلام کِیا۔اُنہوں نے اُس کی شہادتوں کو اور اُس آئِین کوجو اُس نے اُن کو دِیا تھا مانا۔

8 اَے خُداوند ہمارے خُدا! تُو اُن کو جواب دیتا تھا۔تُو وہ خُدا ہے جو اُن کو مُعاف کرتا رہا۔اگرچہ تُو نے اُن کے اعمال کا بدلہ بھی دِیا۔

9 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرواور اُس کے مُقدّس پہاڑ پر سِجدہ کرو۔کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا قُدُّوس ہے۔