زبُو 145 URD

حمدوسِتایش کا گِیت

1 اَے میرے خُدا! اَے بادشاہ! مَیں تیری تمجِید کرُوں گااور ابدُالآباد تیرے نام کو مُبارک کہُوں گا۔

2 مَیں ہر روز تُجھے مُبارک کہُوں گااور ابدُالآباد تیرے نام کی سِتایش کرُوں گا۔

3 خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔اُس کی بزُرگی اِدراک سے باہر ہے۔

4 ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموںکی تعرِیفاور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کرے گی۔

5 مَیں تیری عظمت کی جلالی شان پراور تیرے عجائِب پر غَور کرُوں گا

6 اور لوگ تیری قُدرت کے ہَولناک کاموں کا ذِکرکریں گےاور مَیں تیری بزُرگی بیان کرُوں گا۔

7 وہ تیرے بڑے اِحسان کی یادگار کا بیان کریں گےاور تیری صداقت کا گِیت گائیں گے۔

8 خُداوند رحِیم و کرِیم ہے۔وہ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے۔

9 خُداوند سب پر مہربان ہےاور اُس کی رحمت اُس کی ساری مخلُوق پر ہے۔

10 اَے خُداوند! تیری ساری مخلُوق تیرا شُکر کرے گیاور تیرے مُقدّس تُجھے مُبارک کہیں گے۔

11 وہ تیری سلطنت کے جلال کا بیاناور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔

12 تاکہ بنی آدم پر اُس کی قُدرت کے کاموں کواور اُس کی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہِر کریں۔

13 تیری سلطنت ابدی سلطنت ہےاور تیری حُکومت پُشت در پُشت۔

14 خُداوند گِرتے ہُوئے کو سنبھالتااور جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔

15 سب کی آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں۔تُو اُن کو وقت پر اُن کی خُوراک دیتا ہے۔

16 تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہےاور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتا ہے۔

17 خُداوند اپنی سب راہوں میں صادِقاور اپنے سب کاموں میں رحِیم ہے۔

18 خُداوند اُن سب کے قرِیب ہے جو اُس سے دُعاکرتے ہیں۔یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں ۔

19 جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُن کی مُراد پُوری کرے گا ۔وہ اُن کی فریاد سُنے گا اور اُن کو بچالے گا۔

20 خُداوند اپنے سب مُحبّت رکھنے والوں کی حِفاظتکرے گالیکن سب شرِیروں کو ہلاک کر ڈالے گا۔

21 میرے مُنہ سے خُداوند کی سِتایش ہو گیاور ہر بشر اُس کے پاک نام کو ابدُالآبادمُبارک کہے۔